ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹھیکیدارسنتوش پاٹل خودکشی معاملہ: ایشورپا نے کیا استعفیٰ کا اعلان

ٹھیکیدارسنتوش پاٹل خودکشی معاملہ: ایشورپا نے کیا استعفیٰ کا اعلان

Fri, 15 Apr 2022 06:00:21    S.O. News Service

بنگلورو،15؍اپریل (ایس او نیوز) بی جے پی لیڈر اور ٹھیکیدار سنتوش کے پاٹل کے خودکشی کے معاملہ میں پھنسے کرناٹک کے دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر کے ایس ایشورپّا نے جمعرات کے روز مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ اس معاملہ پر کانگریس کی جانب سے شدید احتجاج درج کیا جا رہا ہے اور وزیر کے استعفی اور گرفتاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

اپنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے وزیر ایشورپا نے کہا، ’’میں نے حکومت میں وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی کی قیادت میں اب تک آر ڈی پی آر کے وزیر کے طور پر کام کیا ہے۔ میں نے جمعہ کی شام کو اپنا استعفیٰ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں اپنی پارٹی اور پارٹی کی قیادت کو شرمندہ نہیں کرنا چاہتا۔‘‘

ایشورپا نے مزید کہا کہ انہوں نے پہلے بھی اپنا استعفیٰ پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ان کے معاونین نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا۔ انہوں نے کہا، ’’اگر میں نے کوئی غلطی کی ہے تو بھگوان مجھے سزا دیں۔ مجھے یقین ہے کہ میں ٹھیکیدار کے خودکشی معاملہ میں بے قصور ثابت ہوں گا۔‘‘

خیال رہے کہ ٹھیکیدار پاٹل نے زہر کھا کر اپنی جان دی تھی اور ایشورپا کو براہ راست طور پر اس معاملہ کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔ وزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے معاونین کے ذریعے 4 کروڑ کی منصوبہ بندی میں 40 فیصد کمیشن کا مطالبہ کیا تھا۔ کانگریس کی جانب سے اشورپا کے استعفی اور گرفتاری کے مطابہ پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔


Share: